واشنگٹن ۔ 25 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)امریکی ریاست واشنگٹن میں مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ دو دنوں کے سرچ آپریشن کے بعد بھی سو سے زائد افراد ابھی تک لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ خبر رساں ادارہ روئٹرز نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کے دن اوسو کے قریب واقع متاثرہ علاقوں سے مزید چھ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اواخر ہفتے کے دوران واشنگٹن کے اس علاقے میں شدید بارش کے بعد ہفتے کی صبح مٹی کے بڑے بڑے تودوں نے اوسو میں واقع کم ازکم چالیس مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔
سالانہ 7ملین افراد آلودگی کی وجہ سے ہلاک ہوتے ہیں: ڈبلیو ایچ او
جنیوا ، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سالانہ سات ملین افراد کی اموات آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ اعدادو شمار کے مطابق ان میں سے آدھی سے زیادہ ہلاکتیں گھروں میں چولہوں سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث ہوتی ہیں۔ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہر آٹھویں موت کا سبب فضائی آلودگی ہے۔