امریکہ میں مقیم ہندوستانی ڈاکٹروں کا غیر معمولی جذبہ خدمت خلق

صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے پر زور ، طبی کیمپ سے استفادہ کرنے مساجد سے اعلانات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : محنت و جستجو کے ذریعہ تعلیم ، دولت ، شہرت ، عزت و طاقت سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے اور یہ تمام چیزیں حاصل ہونے کے بعد اگر کسی فرد میں خدمت خلق ، صلہ رحمی محبت و مروت اور انسانیت کا پاکیزہ جذبہ نہ ہو تو مذکورہ تمام چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں اپنی دولت ایسے علم ایسی عزت و شہرت کے لیے دعا کی ہدایت دی گئی ۔ جس میں انسانوں کی بھلائی کا راز پوشیدہ ہو ۔ دین اسلام میں جذبہ خدمت خلق کو تمام ادیان سے کہیں زیادہ اہمیت دی جاتی ہے ۔ اسلام نے نہ صرف انسانوں بلکہ حیوانوں یہاں تک کہ پودوں درختوں پر بھی رحم کرنے کا اپنے ماننے والوں کو حکم دیا ہے ۔ چنانچہ اسلام کے اس مقدس پیام کو پھیلانے میں امریکہ میں مقیم ہندوستانی مسلمانوں کی فلاحی تنظیم آئی ایم آر سی ( انڈین مسلم ریلیف اینڈ چیارٹیز ) 1982 سے سرگرم ہے ۔

یہ تنظیم ہر سال شہر حیدرآباد کے علاوہ اترپردیش ، آسام ، گجرات ، راجستھان اور دیگر ریاستوں میں میڈیکل کیمپس منعقد کرتے ہوئے بلا لحاظ مذہب و ملت مختلف بیماریوں خاص کر امراض کہنہ میں مبتلا پریشان حال مرد و خواتین کا مفت علاج و معالجہ کررہی ہے ۔ اس کے لیے آئی ایم آر سی نے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو ہر سال اپنے خرچ پر ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کا علاج کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے ۔ جاریہ سال آئی ایم آر سی کے 8 ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے حسن نگر ، وٹے پلی اور شاہین نگر میں مسلسل تین دن سے میڈیکل کیمپس کا اہتمام کرتے ہوئے مختلف عوارض میں مبتلا 2121 مرد و خواتین اور بچوں کا علاج کیا اور ان میں زائد از 8-10 لاکھ روپئے کی ادویات کی تقسیم عمل میں لائی ۔ آئی ایم آر سی کے اس نیک کام میں ساہتیہ ٹرسٹ اس کا بھر پور تعاون کرتا ہے ۔

آج مسلم اکثریتی علاقہ شاہین نگر میں جہاں غریب مسلمان رہتے ہیں ۔ خصوصی میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں مختلف امراض کے علاج میں مہارت رکھنے والے اسپیشلسٹ بشمول ڈاکٹر یامین علی جواد ایم ڈی ، ڈاکٹر سید عرفان معین ایم ڈی ، ڈاکٹر فریدہ گھووا والا ایم ڈی ( گجرات ) ، ڈاکٹر جواد احمد ایم ڈی ، ڈاکٹر جان روزبنرگ ، ڈاکٹر صبیحہ غفور ایم ڈی اور ڈاکٹر محمد غفور ایم ڈی نے مرد و خواتین اور بچوں کی تشخیص کی ان کے لیے ادویات تجویز کئے اور مفت میں ادویات کی تقسیم بھی عمل میں لائی گئی ۔ ڈاکٹر جان روزنبرگ امریکی شہری ہیں ۔

لیکن انڈین مسلم ریلیف اینڈ چیارٹیز کے فلاحی کاموں سے اس قدر متاثر ہیں کہ وہ گذشتہ 5 برسوں سے حیدرآباد اور ملک کے دیگر شہروں میں منعقد کئے جارہے آئی ایم آر سی کے میڈیکل کیمپس میں رضاکارانہ طور پر حصہ لے رہے ہیں ۔ اس کیمپ میں ذیابیطس ( شوگر ) ، بلند فشار خون ( بلڈ پریشر ) جوڑوں کے درد ، امراض نسواں و اطفال اور دیگر کہنہ امراض کا علاج کیا جاتا ہے ۔ شاہین نگر کے کیمپ میں چند گھنٹوں کے دوران 800 مریضوں کی تشخیص کی گئی اور انہیں تقریبا ڈھائی لاکھ روپئے مالیتی ادویات مفت فراہم کی گئیں ۔ ماہر امراض نسواں و اطفال ڈاکٹر صبیحہ غوری نے بتایا کہ ناخواندگی اور شعور کے فقدان کے باعث معصوم بچے کئی امراض کا شکار ہورہے ہیں ۔ اس ضمن میں انہوں نے بتایا کہ ان سے کئی ایسے بچوں کو رجوع کیا گیا جن کے کانوں کے پردے پھٹ چکے تھے اس کی وجہ ان بچوں کے ماؤں کا ناخواندہ ہونا اور ان میں شعور کی کمی ہے ۔

کان میں درد کے موقع پر یہ خاتون اپنے گھریلو نسخوں کو آزماتی ہیں نتیجہ میں بچے کان کے انفکشن سے متاثر ہوجاتے ہیں ۔ ڈاکٹر صبیحہ کے مطابق ان بچوں کا علاج ناممکن نہیں ہے تاہم اس ضمن میں والدین میں شعور بیدار کرنا ضروری ہے ۔ واضح رہے کہ 28 جنوری کو حسن نگر میں بھی آئی ایم آر سی نے مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا تھا جس میں 720 اور 27 جنوری کو وٹے پلی میں منعقدہ کیمپ میں 681 مرد و خواتین اور بچوں کے معائنے کرتے ہوئے انہیں ادویات فراہم کی گئیں ۔ راقم الحروف نے آئی ایم آر سی کے سربراہ جناب منظور غوری سے بات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گذشتہ 40 سال سے زائد عرصہ سے امریکہ میں مقیم ہیں ۔ 1982 میں وہ اور ان کے ساتھیوں نے سماجی خدمات کے لیے IMRC کے نام سے خدمت خلق کا کام شروع کیا ۔ اس کام کا مقصد صرف اور صرف بلا لحاظ مذہب و ملت انسانوں کی خدمت کرتے ہوئے اللہ عزوجل کی خوشنودی حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم آر سی کا صرف 8 لوگوں سے آغاز ہوا تھا ۔ اب امریکہ میں مقیم ہندوستانی مسلمانوں میں سے تقریبا 13000 مسلم شخصیتیں اس تنظیم سے جڑے ہوئے ہیں ۔

جناب منظور غوری کے مطابق حیدرآباد میں تین میڈیکل کیمپس کے علاوہ ہر سال یو پی کے ضلع بارہ بنکی ، آسام ، گجرات اور راجستھان کے کئی مقامات پر اس طرح کے میڈیکل کیمپس کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ جن میں 5000 تا 7000 مریضوں کی مکمل طور پر مدد کی جاتی ہے ۔ ان کی تشخیص سے لے کر ادویات کی فراہمی اور سرجری کے مرحلوں تک مریضوں کی مدد کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔ واضح رہے کہ جناب انیس الدین آئی ایم آر سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور سید عبدالنجیب پراجکٹ ڈائرکٹر ہیں ۔ شاہین نگر میں کیمپ کے انعقاد میں حبیب یحییٰ ، اور محمد عبدالروف نے بھی تعاون کیا جب کہ شاہین نگر جامع مسجد مرکز میں منعقدہ اس انوکھے میڈیکل کیمپ سے استفادہ کرنے کیلئے علاقہ کی زائد از 20 مساجد کے لاوڈ اسپیکروں کے ذریعہ اعلان کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹروں کی یہ ٹیم کل اترپردیش کے جہانگیر آباد علاقے کیلئے روانہ ہورہی ہے ۔۔