واشنگٹن ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی نیویارک پولیس نے ایک مسلمان پولیس اہلکار مسعود سید کو داڑھنے رکھنے کی پاداش میں ڈیوٹی انجام دینے سے روک دیا ۔نیویارک پولیس میں 10 سال سے خدمات انجام دینے والے مسعود سید کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طورپر اپنی داڑھی منڈوائے تاہم مسعود کا کہنا ہے کہ وہ سنی مسلک سے تعلق رکھنے والا مسلمان ہے اور داڑھی مسنون ہے۔ میڈیا میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس حکام نے متعدد مرتبہ مسعود سید کو داڑھی رکھنے پرسخت تنبیہ کی اور اسے داڑھی منڈوانے کا حکم دیا تاہم اس نے داڑھی شیو کرانے سے انکار کردیا جس پر حکام بالا نے اسے داڑھی منڈوانے تک کام سے روک دیا ہے۔ نیویارک پولیس نے مسلمان پولیس اہلکار کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے۔ اس کی پولیس شرٹ اور پستول بھی واپس لے لی گئی ہیں۔ اگر وہ داڑھی رکھنے کے عزم پرقائم رہتا ہے تو اسے مکمل طورپر نوکری سے برخاست کیا جاسکتا ہے۔ مین ہٹن کی ایک عدالت میں بیان دیتے ہوئے مسعود سید نے کہا کہ حکام نے اسے ایک ملی میٹر داڑھی رکھنے کی اجازت دی تھی۔ اس کی ہلکی داڑھی پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ نہیں ہے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسلمان پولیس اہلکار کے خلاف 8 جولائی 2016ء تک مزید کسی قسم کی تادینی کارروائی نہ کرے۔ 8 جولائی کے بعد اس کیس کو ایک دوسرے جج کے سپرد کیا جائے گا۔ وہی اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ مسعود سید داڑھی رکھ کر ڈیوٹی انجام دینے کے اہل ہیں یا نہیں۔