حیدرآباد 19 نومبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے ضلع کرنول سے تعلق رکھنے والا ایک 23 سالہ نوجوان امریکہ میں کمرشیل پائیلٹ کی ٹریننگ کے دوران ہلاک ہوگیا۔ ارکان خاندان کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹریننگ کے دوران طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں 23 سالہ کارتک اور اُس کا انسٹرکٹر دونوں ہلاک ہوگئے۔ کارتک خانگی ایویشن اسکول میں پائیلٹ ٹریننگ کورس کررہا تھا۔ کارتک کے والد بی سی ناگاراجو نے جو بی ایس این ایل میں جنرل منیجر ہیں، بتایا کہ ہوکس ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران یہ طیارہ حادثہ کا شکار ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ حادثہ اتوار کو دن میں پیش آیا۔ اُنھوں نے کہاکہ طیارہ اُڑان بھرنے کے فوری بعد اِس میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی اور ٹرینی پائیلٹ اور اُس کے انسٹرکٹر نے ایر کنٹرول اتھاریٹیز کو فوری مطلع کرتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ ناگاراجو نے بتایا کہ اِنھیں لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی لیکن وہ طیارہ کو بحفاظت اُتار نہیں سکے اور انجن میں خرابی کی وجہ سے یہ حادثہ کا شکار ہوگیا۔ کارتک امریکہ میں کمرشیل پائیلٹ لائسنس کا ایک سالہ کورس کررہا تھا۔ اُس نے انٹرمیڈیٹ کی تکمیل کے بعد 2007 ء میں حیدرآباد میں واقع آندھراپردیش ایویشن اکیڈیمی میں ٹریننگ مکمل کی اور پھر جاریہ سال 28 ستمبر کو امریکہ روانہ ہوا۔ ناگا راجو نے بتایا کہ کارتک کے دوستوں نے کل صبح 10.30 بجے اُنھیں اِس واقعہ کے بارے میں اطلاع دی۔ ہم سب صدمہ سے دوچار ہوگئے کیونکہ یہ ہمارے بالکلیہ غیر متوقع تھا۔ اُنھوں نے کارتک کی نعش ہندوستان لانے کے لئے بعض ضروری دستاویزی اُمور کی تکمیل کی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ جاریہ ہفتہ اُس کی نعش حیدرآباد لائی جائے گی۔
خواتین بینک کے آغاز پر چیف منسٹر کی مبارکباد
حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے آنجہانی وزیراعظم کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنھوں نے ممبئی میں خواتین کے لئے مخصوص بینک کے افتتاح پر وزیراعظم منموہن سنگھ، صدرنشین یو پی اے سونیا گاندھی کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ خواتین کو خود مختار بنانے اور اُن کی ترقی میں یہ بینک معاون ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ آندھراپردیش میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اسکیمات روبہ عمل لائی جارہی ہیں اور اِس معاملہ میں ریاست کو ملک بھر میں ممتاز مقام حاصل ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ملک بھر میں بینک قرضہ جات کے معاملہ میں خواتین زیادہ استفادہ کررہی ہیں۔ اِس طرح وہ سماجی ترقی میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ بینک سے قرض حاصل کرنے کے بعد بوقت ضرورت دوبارہ قرض کی ضرورت لاحق ہونے پر خانگی سودی کاروبار کرنے والوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حکومت نے اِستری ندھی (خاتون فنڈ) کا آغاز کیا ہے۔