امریکہ میں طیارہ حادثہ ، 7سالہ لڑکی کرشماتی طور پر بچ گئی

واشنگٹن، 3 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کینٹکی میں طیارہ کے حادثے میں ایک سات سالہ لڑکی کرشماتی طور پر زندہ بچ گئی۔ یہ بات پولیس حکام نے بتائی۔ پولیس کے مطابق حواس باختہ سات سالہ لڑکی خود چلتے ہوئے ایک گھر تک پہنچی اور کہا کہ اس کا جہاز حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ بعد میں پولیس نے جہاز ڈھونڈ نکالا جس کا پائلٹ اور اس میں سوار تین مسافر ہلاک ہو چکے تھے۔ لڑکی کو معمولی زخم آئے ہیں اور اس کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ امریکی نیوز ایجنسی نے وفاقی ہوا بازی ادارہ کے حوالے سے کہا کہ اس پائپر پی اے 34 جہاز کے پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو بتایا تھا کہ جہاز کا انجن خراب ہو گیا ہے جس کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ پولیس نے بتایاکہ : ’’یہ لڑکی جہاز کے ملبے سے خود ہی باہر نکل آئی اور قریب ترین گھر تک حادثے کی اطلاع دینے گئی۔ یہ ایک کرشمہ ہے کہ وہ زندہ بچ گئی، تاہم یہ ایک المیہ بھی ہے کہ چار دوسرے بچ نہیں سکے‘‘۔ جہاز الی نوئے سے فلوریڈا جا رہا تھا کہ ایک جھیل کے کنارے جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ لڑکی کا حادثے میں مرنے والوں سے کیا تعلق تھا۔