واشنگٹن۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) متعدد امریکی ساحلوں پر آئے طوفان اور آندھی نے کئی عمارات کو نقصان پہنچایا جن میں کم و بیش 3 افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ دو افراد لوئشیانہ میں اس وقت ہلاک ہوئے جب جیمس پیریش میں واقع ان کے موبائیل مکان کو طوفان نے شدید نقصان پہنچایا۔ پیریش حکومت کے پرسونل مینیجر لیبی ہوٹارڈ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقہ طوفان سے بدترین طور پر متاثر ہونے والوں میں شامل ہے جبکہ بعض علاقہ مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔
کیلیفورنیا میں زلزلہ کے معمولی جھٹکے
واسکو (یو ایس)۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی اور وسطی کیلیفورنیا میں بیکرس فیلڈ کے قریب کم شدت کے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی ہلاکت یا کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ کی شدت 4.8 تھی جو بیکرس فیلڈ سے 40 کیلومیٹر شمال مغرب میں واسکو کے مقام پر محسوس کیا گیا۔ وہاں پر موجود شیریف کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ زلزلہ کے جھٹکے سے شیریف کا دفتر لرز گیا تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ سانٹا باربرا، وینچورا اور لاس اینجلس میں بھی زلزلہ کے معمولی جھٹکے محسوس کئے گئے۔