امریکہ میں طلباء کی گرفتاری پر ہندوستان کا احتجاج

سفارتخانہ کو مکتوب اعتراض حوالے ، 129 طلباء سے ربط پیدا کرنے کی مساعی
نئی دہلی ۔ /2 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج امریکی سفارتخانہ کو ایک احتجاجی مکتوب روانہ کرتے ہوئے امریکہ میں ہندوستانی طلباء کی گرفتاری پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔ ان گرفتار شدہ طلباء تک قونصلر کو فوری رسائی کا موقع دینے کا مطالبہ کیا ۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان مسلسل اس مسئلہ پر کڑی نظر رکھا ہے ۔ امریکہ میں ایک فرضی یونیورسٹی میں ان کے اندراج کے سلسلہ میں کئی ہندوستانی طلباء کو گرفتار کیا گیا ہے اس کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے نمٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہندستان نے امریکہ میں ‘پے ایند اسٹے ’ یونیورسٹی ویزہ گھپلہ میں حراست میں لئے گئے ہندستانی طلبا کے معاملہ میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے یہاں امریکی سفارتخانہ کو خط لکھ کر اعتراض درج کرایا ہے ۔ وزارت خارجہ کے یہاں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندستانی حکومت نے اس کے سفارتخانہ کے حکام کو ان طلبا سے فوری طورپر ملاقات کرنے کی اجازت دینے کی بھی مانگ کی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ نے یہاں واقع امریکی سفارتخانہ سے اس پر اعتراض درج کرایا ہے ۔ ہماری فکرمندی حراست میں لئے گئے طلبا کی خیریت اور عافیت کے تعلق سے ہے ۔ ہندستان نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسا ہوسکتا ہے کہ ان طلبا کو یونیورسٹی میں داخلہ کے معاملہ میں ‘دھوکہ’ دیا گیا ہو۔ ان کے ساتھ ان لوگوں سے علیحدہ سلوک کیا جانا چاہئے جنہوں نے دھوکہ دیا ہے ۔ ہندستان نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ اسے ان طلبا کے بارے میں مکمل معلومات دی جائے اور جلد رہا کیا جانا چاہئے نیز ان کی خواہش کے بغیر انہیں واپس ملک نہ بھیجا جائے ۔وزارت خارجہ نے کہاکہ حکومت ان طلبا کے معاملہ کو حل کرنے کی سمت میں قدم اٹھا رہی ہے اور صورتحال پر نظر رکھ رہی ہے ۔ ہندستان کے 129طلبا کو ‘پے اینڈ اسٹے ’ یونیورسٹی ویزہ گھپلہ معاملہ میں بدھ کو حراست میں لیا گیا تھا۔ وزارت نے کہا کہ امریکہ میں واقع سفارتخانوں اور مشنوں کے حکام ان طلبا سے ملاقات کرنے کی کوشش میں امریکہ میں کئی بندی مراکز پر گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حکام کو اب تک 30ہندستانی طلبا سے رابطہ کرنے میں کامیابی ملی ہے جبکہ دیگر طلبا سے رابطہ کی کوشش کی جارہی ہے ۔ وزارت نے واشنگٹن میں واقع ہندستانی سفارتخانہ میں 24گھنٹے کام کرنے والا ایک ہیلپ لائن نمبر بھی شروع کیا ہے ۔اس ہیلپ لائن نمبر 202-322-1190اور 202-340-2590پر سفارتخانہ کے سینئر حکام موجود رہیں گے ۔