دفتر سیاست میں آسرا سینئر سٹیزنس کارڈس کی تقسیم، جناب زاہد علی خان و افتخار حسین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 جون (دکن نیوز) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے ہاتھوں آج محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست میں 100 سے زائد معمرین (سینئر سٹیزن) میں آسرا کارڈس کی تقسیم عمل میں آئی۔ کارڈ تقسیم کے موقع پر جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ اور جناب ایم اے ستار سکریٹری آسرا موجود تھے۔ جناب ایم اے قدیر کارگذار صدر ایم ڈی ایف نے مہمان اور معمرین کا خیرمقدم کیا۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ ہمارے ملک ہندوستان کی طرح دنیا کے تمام ممالک کے ہر قوم میں بڑوں کی عزت، توقیر اور احترام موجود ہے اور انہیں بڑی اہمیت دیتے ہوئے قدر کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے۔ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی معمر حضرات کا بڑا خیال، پاس ولحاظ رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن قبل جب میں امریکہ کے طیرانگاہ پہنچا تو امریکہ میں میری بڑی عزت و توقیر کی گئی اور وہاں کی سہولیات جو دنیا کے کسی حصہ میں نہیں ہے، استفادہ کا موقع ملا۔ اسی طرح اگر ملک کی حکومت ان معمرین کیلئے سہولیات کے دینے میں پیشقدمی کرے تو ایک بڑی خدمت تصور کی جائے گی۔ تلنگانہ میں آسرا کارڈ کی اہمیت میں روزافزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور حکومت ان کے شناختی کارڈ میں بڑی سنجیدہ ہے۔ اس لئے ایم ڈی ایف میں کئی معمر افراد درخواستیں داخل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ملت اسلامیہ کیلئے ملت فنڈ کی جانب سے خدمت کررہا ہے۔ وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے اور سیاست نے معمرین کیلئے جن کی اولادیں بیرونی ممالک میں مقیم ہے اور یہاں رہنے کے بعد انہیں کوئی سہارا بن نہ پا رہے ہیں ان کیلئے ’’اولڈ ایج ہوم‘‘ کی ساڑھے چار کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے جہاں انہیں رہائش کے ساتھ طعام و دیگر سہولیات بہم پہنچائی جائے گی اور کہا کہ امام و مؤذنین اور ان کے بچوں کیلئے رہبری و تعلیم کا نظم کیا جائے گا۔ جناب زاہد علی خان نے جناب افتخار حسین (فیض عام ٹرسٹ) کے تعاون و اشتراک کا ذکر کیا کہ ان کیلئے فلاحی کاموں میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہے اور حیدرآباد میںکپڑا بینک کے ذریعہ ملبوسات اور دیگر اشیاء کی تقسیم کے ساتھ سیاست و ملت فنڈ کے ذریعہ رمضان المبارک میں چاول اور غذائی اجناس کی تقسیم کی گئی۔ جناب ایم اے ستار سکریٹری آسرا نے آسرا کارڈ کی اہمیت و افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس سینئر سٹیزن کارڈس کی اجرائی میں ایک ضعیف و عمر رسیدہ فرد بھی تھے جن کو جناب زاہد علی خان نے ان کی نشست تک پہنچ کر آسرا کارڈ حوالے کیا۔ اس کے علاوہ جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں حکیم بہادر علی، محمد احمد، ایم اے واحد، افتخار مشرف، ڈاکٹر عبداللطیف، عبدالمنان خان کو کارڈس دیئے گئے۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ کے ہاتھوں عابدہ بیگم، سرفراز علی خان، شفیق النساء، یوسف الدین میں کارڈ تقسیم کئے گئے۔ ایم اے ستار آسرا سکریٹری کے ہاتھوں معز الدین شریف، خواجہ ناظم الدین، سید دبیرالدین، فضل محمد، محمد نصیرالدین، سماجی کارکن محترمہ رانی تھوٹا فاونڈر اینڈ کرسپانڈنٹ پری اسکول مائی کڈس اور جناب ایم اے قدیر نائب صدر فورم کے ہاتھوں کارڈس دیئے گئے۔ اس موقع پر محمد نصراللہ خان پبلسٹی سکریٹری ایم ڈی ایف، محترمہ شانتی اگروال، محمد امام تحسین اور فورم کے دیگر اراکین موجود تھے۔ جناب احمد صدیقی مکیش آرگنائزنگ سکریٹری نے نظامت کی۔