امریکہ میں سیلاب ، 3 ہلاک ، 12 لاپتہ

سان مارکوس (ٹیکساس) ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وسطی امریکہ کے ایک خطہ میں موسلادھار بارش نے عام زندگی درہم برہم کردی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ عام طور پر خشک رہنے والے دریاؤں میں بھی سیلاب آگیا۔ مزید برآں تیز ہواؤں کے جھکڑوں کے حالات اور بگاڑ دیئے جس کی وجہ سے کم و بیش 2000 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔ تیز رفتار ہواؤں نے ہوسٹن کے ایک اپارٹمنٹ کو شدید نقصان پہنچایا۔ اوکلاہاما میں آتش فرو عملہ کا ایک فرد بچاؤ کاری کے دوران ہلاک ہوگیا جبکہ ٹولسا میں ایک خاتون بارش کی وجہ سے درہم برہم ٹریفک میں حادثہ کا شکار ہوکر ہلاک ہوگئی۔ دریائے بلانکو میں ایک نوجوان کی نعش ملی جس کی آبی سطح صرف ایک گھنٹہ کی بارش کے دوران 8 میٹر بلند ہوگئی اور اس طرح پانی کے ساتھ بہہ کر آنے والا کچرا ایک انبار کی صورت اختیار کر گیاجس کی بلندی 20 فیٹ بتائی گئی۔ 12 افراد لاپتہ ہیں ۔ مزید زبردست بارش اور سیلاب کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ سیلابی پانی سے سینکڑوں مکان تباہ ہوچکے ہیں اور کاریں سڑکوں سے بہہ گئی ہیں اور کھلونا کی طرح اُلٹتی اور بہتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔