مہلوکین میں چرچ کا پادری ‘ چھ خواتین اور دیگر دو مرد شامل ۔ حملہ آور گرفتار ۔ صدر اوباما کی جانب سے حملہ کی مذمت
واشنگٹن 18 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولینا میں ایک بے معنی اور انفرت انگیز جرم میں ایک سفید فام شخص نے ایک تاریخی سیاہ فارم چرچ میں عبادت کیلئے آئے افراد پر گولیوں کی بوچھار کردی جس کے نتیجہ میں جملہ 9 افراد ہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین میں چرچ کا پادری ‘ چھ خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ جنوبی کیرولینا ریاست میں یہ اب تک کی سب سے سنگین واردات ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چارلسٹن ٹاؤن میں ایمانیول افریقن میتھوڈسٹ چرچ میں لوگ ایک دعائیہ اجتماع کیلئے جمع ہوئے تھے کہ 19 ویں سنچری کی اس عمارت میں اچانک سفید فام شخص نے فائرنگ کردی ۔ امریکہ میں حالیہ وقتوں میں نسلی کشیدگی میں اضافہ ہوا اور سفید فام پولیس افسروں کی جانب سے غیر مسلح سیاہ افراد باشندوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ چارلسٹن پولیس نے بندوق بردار کی ڈائلن روف ساکن لیکسنگٹن ساؤتھ کیرولینا کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تلاشی کے بعد ملزم کو شمالی کیرولینا سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ بندوق بردار فائرنگ سے قبل ایک گھنٹہ دعائیہ اجتماع میں شریک رہا اور اچانک فائرنگ کردی جسکے نتیجہ میں چھ خواتین اور تین مرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ صدر بارک اوباما نے ا ن ہلاکتوں کو بے معنی قتل سے تعبیر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس طرح کا بیان کئی مرتبہ دینا پڑ رہا ہے ۔ ایسے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس واقعہ کی تفصیلات کا علم نہیں ہے لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ ایک بار پھر بے قصور اور معصوم افراد کو ہلاک کیا گیا ہے کیونکہ کوئی انہیں زک پہونچانا چاہتا تھا