امریکہ میں سنسناٹی بینک میں فائرنگ بشمول حملہ آور چار افراد ہلاک

شکاگو ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک بندوق بردار نے امریکہ کے شہر سنسناٹی کی بینک کی عمارت میں اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس کی وجہ سے تین افراد شدید زخمی ہوئے۔ بعدازاں پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق 9 بجے دن پیش آیا جبکہ 30 منزلہ عمارت سے 53 بینک کی عمارت میں مصروف اوقات کے دوران فائرنگ شروع کردی گئی۔ ایک شخص نے اندھادھند فائرنگ کی۔ سنسناٹی پولیس کے سربراہ ایلیاٹ آئیزر نے اس کا انکشاف کیا۔ قریبی پولیس کی خدمات حاصل کرلی گئیں جنہوں نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ دواخانہ میں زیرعلاج تین افراد اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جبکہ دیگر دو ہنوز زیرعلاج ہیں۔ حملہ آور اور مہلوکین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔