امریکہ میں سانحہ پشاور کے شہید طلبا کیلئے دعائیہ تقاریب

ڈیلس ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے دو بڑے شہروں ہیوسٹن اورڈیلس میں پشاور آرمی پبلک اسکول کے شہید 148 بچوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ گزشتہ چندروز سے روزانہ جاری ہے اس ضمن میں مختلف تنظیموں کی جانب سے کئی جگہوںپر تعزیتی تقاریب منعقد کی گئیں ڈیلس میں فن ایشیا ریڈیو کی جانب سے ریچڈسن میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے سیکڑوں افراد جس میں مرد و خواتین بچے شامل تھے شریک ہوئے جبکہ مقامی امریکیوں نے بھی اس تقریب میں شریک ہو کر پشاور کے شہداء اور مقامی کمیونٹی سے اظہار یگانگت کیا۔ دوسری جانب انجمن سرکار وفا کی جانب سے ڈیلس کے مرکزی صدر مقام میںواقع کنیڈی میموریل پر ایک ریلی نکالی گئی جس میں مرد و خواتین اور بچوںنے شرکت کی، تمام افراد اپنے ہاتھوںمیں شمع اٹھائے ہوئے تھے جبکہ اس موقع پر ایک نظم بھی پڑھی گئی جس کا عنوان تھا ہر طرف ظلم و جفا ہے اور ہم خاموش ہیں۔ اس موقع پرایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ پروگرام کے آخر میں دعا بھی کی گئی۔