امریکہ میں رمضان المبارک ، تراویح کا اہتمام ، آج پہلا روزہ

شکاگو ۔ 28 ۔ جون : ( سید خواجہ ناظم الدین سلیم ) : امریکہ میں اتوار 29 جون کو پہلا روزہ یکم رمضان قرار پائی ۔ شکاگو رویت ہلال کمیٹی کا ایک اجلاس مولانا عبداللہ سلیم کی نگرانی میں آج آئی سی سی میں منعقد ہوا ۔ جس میں مولانا مفتی شاہ نوال الرحمن صدر شرعیہ بورڈ شکاگو ، مولانا غلام صمدانی ، مولانا عبدالعزیز نائب صدر شرعیہ بورڈ شکاگو ، مفتی عبدالستار ، مولانا عبدالحلیم ، مولانا عبدالحی صدر آئی سی سی ، مفتی محمد حمزہ ، مولانا الیاس قاسمی ، جناب امجد اللہ خاں صدر مسجد حمیدیہ اور جناب امجد ہاشمی سکریٹری رویت ہلال کمیٹی نے شرکت کی ۔ نارتھ امریکہ کے دیگر صوبوں اور کینڈا کے علماء سے ربط پیدا کرنے کے بعد طئے پایا کہ پہلا روزہ یکم رمضان اتوار 29 جون کو ہوگا۔ ماہ صیام کے اس مبارک میں مساجد ، اسلامی مراکز اور مدرسوں میں نماز تراویح کا اہتمام و انتظام کیا گیا جہاں روزانہ سوا پارہ تا پانچ پارہ نماز تراویح میں قرآن کریم کی تلاوت ہوگی ۔ جن میں حیدرآبادی حفاظ کی اکثریت ہے ۔ شکاگو اور اس کے مضافات میں تقریبا 17 گھنٹوں کا روزہ ہوگا ۔ کئی مساجد و مراکز میں افطار کے ساتھ طعام کا بھی انتظام کیا گیا ۔ مقامی اخبارات اور ٹیلی ویژن پر رمضان کریم سے متعلق واضح اور نمایاں خبریں نشر کی گئیں ۔۔