بوسٹن ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکہ میں ان دو افراد پر مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے لیے مصروف ایک فرسودہ ذہن خاتون کو ہلاک کرنے آئی ایس آئی ایس کی سازش میں مدد کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ دہشت گردوں کو مادی امداد پہونچانے کی سازش کے الزام کے تحت واروک رھوڈ آئیلینڈ کے 24 سالہ نکولاس روینیسکی کو بوسٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ اس نے مساچوسٹس کے 25 سالہ ڈیو ڈرائٹ کو مدد پہونچائی تھی ۔ ڈیویڈ کو گذشتہ ہفتہ گرفتار کیا گیا تھا ۔ ان دونوں پر بوسٹن کے 26 سالہ اسامہ رحیم کے ساتھ دہشت گردی کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ رحیم کو انسداد دہشت گردی سل سے تعلق رکھنے والے تفتیش کنندگان نے گذشتہ ہفتہ گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ رحیم نے اپنے بھتیجہ ڈیوڈ کے علاوہ ایک اور شخصی نکولاس کے ساتھ پامیلا گیلر کو ہلاک کرنے کی سازش تیار کی تھی کیوں کہ وہ مسلمانوں کے خلاف پامیلا کی اشتعال انگیزیوں پر برہم تھے ۔۔