امریکہ میں حملوں کی دھمکی پر نیو یارک سے تین غیر ملکی گرفتار

نیویارک ، 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی نے بروکلن میں رہائش پذیر تین غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ (داعش ) میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے تھے۔ زیرِحراست افراد میں سے دو نے شام کے سفر پر جانے سے قاصر رہنے کی صورت میں پولیس اور ایف بی آئی کے اہلکار کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ حکام کی توجہ ان غیر ملکیوں کی جانب تب مبذول ہوئی جب انھوں نے حالیہ عرصہ میں ازبک زبان کی ایک ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک شخص نے امریکی صدر براک اوباما کو قتل کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ ازبکستان سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ عبدالرسول جورابوئیو اور 30 سالہ ابرار حبیبو اور کرغستان کے 19 سالہ اخرور سعیدہ خمیتو پر غیر ملکی شدت پسند تنظیم کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔