مفت حجامہ کیمپ، ڈاکٹر شاہدہ انصاری کا ادارہ سیاست کی خدمات کو خراج تحسین
حیدرآباد 8 فروری (سیاست نیوز) حضور اقدس صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنی اُمت کو حجامہ کے ذریعہ مختلف امراض کا علاج کرنے کی ترغیب دی ہے۔ اس کا ذکر تقریباً 28 احادیث مبارکہ میں بھی شامل ہے۔ حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا : حجامہ بیماریوں کے علاج میں کافی فائدہ بخش ہے۔ یہ بات ڈاکٹر شاہدہ معین انصاری نے بتائی۔ وہ آج یہاں ادارہ سیاست کے زیراہتمام عابد علی خاں آئی ہاسپٹل پر منعقدہ خواتین کے مفت حجامہ کیمپ سے مخاطب تھیں۔ اس موقع پر اُنھوں نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ بیسویں صدی میں اس طریقہ علاج کو مغربی ممالک میں شروع کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ امریکہ کے 60 فیصد میڈیکل انسٹی ٹیوشن میں اس وقت حجامہ کو بطور متبادل طریقہ علاج کے کورسیس کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ اس طریقہ علاج سے جسم کے فاسد خون کو خارج کیا جاتا ہے جس کے بعد مریض کو غیر معمولی شفاء ہوتا ہے۔ ڈاکٹر اطہر معین راشدہ نے ادارہ سیاست کی طبی خدمات بالخصوص مفت حجامہ کیمپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے فلاحی، سماجی، تعلیمی، طبی اور دیگر سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ محترمہ صفیہ سلطانہ نے اس کیمپ میں خاص طور پر شرکت کی اور خواتین کیلئے حجامہ طریقہ علاج پر مسرت و اطمینان کا اظہار کیا۔ جبکہ ڈاکٹر یُسریٰ فاطمہ کی خصوصی دلچسپی پر مبارکباد پیش کی۔ مفت حجامہ کیمپ میں ماہر لیڈی حجامہ ڈاکٹر یُسریٰ فاطمہ کی قیادت میں لیڈی ڈاکٹرس کی ٹیم نے مریضوں کی تشخیص اور رپورٹس کی جانچ کے بعد علاج کیا اور مریضوں کو مفید رائے مشورے دیئے۔ کیمپ سے 250 خاتون مریضوں نے استفادہ کیا اور ادارہ سیاست سے مفت حجامہ کیمپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔ کیمپ میں خدمات انجام دینے والی خاتون ڈاکٹرس میں ڈاکٹر سعدیہ کوثر، ڈاکٹر جبین فاطمہ، ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ، ڈاکٹر شاہین بانو، ڈاکٹر صدیقہ بیگم، ڈاکٹر ممتاز بیگم، ڈاکٹر رفعت بیگم اور دیگر شامل تھے۔