واشنگٹن ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیردفاع چک ہیگل نے پورے جوہری نظام پر مامور فورس کی اعلیٰ سطح پر نظر ثانی کا حکم دے دیا۔ گزشتہ دنوں امریکی فضائیہ کے 34 میزائل لانچ افسران کی جانب سے امتحان میں نقل کرنے اور اس کے علاوہ دیگر کے منشیات استعمال کرنے کی شکایات ملی تھیں۔ امریکی محکمہ دفاع کے حکام کے مطابق چک ہیگل نے پینٹاگون میں سینئر فوجی حکام سے ملاقات کے بعد پوری جوہری فورس پر نظر ثانی کا حکم دے دیا ہے۔ اس دوران اٹھائے گئے ناروا اقدامات، قیادت کی خامیوں اور فورس کے ارکان کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ پینٹاگون حکام کے مطابق اس امر کا جائزہ لیا جائے گا کہ ان بد نظمیوں کے باعث ملک کے جوہری پروگرام کے سکیورٹی کو خطرہ تو نہیں۔
چین۔ جاپان کشیدگی پُر خطر : امریکی ایڈمرل
واشنگٹن ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا بحر الکاہل کے علاقے میں امریکی فوجوں کے اعلیٰ ترین کمانڈر ایڈمرل سیموئل لاک لیئر نے چین اور جاپان کے مابین کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوطرفہ کھنچاؤ کی یہ صورتحال خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ٹوکیو اور بیجنگ کے مابین موجودہ حد درجہ کشیدگی کے پس منظر میں ایڈمرل لاک لیئر نے یہ بیان کل شام دیا۔ ان کے اس بیان سے محض ایک روز قبل جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے چین کے ساتھ تعلقات میں کھنچاؤ کا موازنہ پہلی عالمی جنگ سے قبل کے جرمنی اور برطانیہ کے باہمی تعلقات کے ساتھ کر دیا تھا۔