امریکہ میں جاسوسی کے الزام میں روسی خاتون گرفتار

واشنگٹن، 17جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں رہنے والی ایک 29 سالہ روسی خاتون کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ ماریا بوٹینا نامی یہ عورت امریکی شہریوں کے ساتھ تعلقات قائم کرکے روسی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے اور سیاسی گروپوں میں مداخلت کرکے سازش رچنے کے الزامات ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف نے پیر کو ایک بیان جاری کر کے اس بات کی اطلاع دی۔ امریکی یونیورسٹی کی طالبہ ماریا بوٹینا بندوق رکھنے کے حقوق (گن رائٹس) کی وکالت کرنے والی ایک روسی تنظیم کی بانی بھی ہے۔ ماریا پر روسی مرکزی بینک کے ایک اعلی افسر کی ہدایت پر کام کرنے کے الزامات ہیں۔ماریا واشنگٹن میں رہتی ہے ، اور اسے اتوار کو گرفتار کیا گیا تھا۔ماریا بوٹینا کے خلاف درج شکایت کے مطابق اس نے دو امریکی شہریوں کے علاوہ ایک روسی افسر کے ساتھ مل کر امریکی سیاست کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ماریا نے ہتھیار رکھنے کا اعلان کرنے والی ایک تنظیم سے قربت بڑھانے کی کوشش کی تھی۔ ماریا نے امریکہ میں اہم قومی فیصلے لینے والی تنظیموں میں روسی فیڈریشن کے مفادات کو بڑھانے کے لئے امریکی سیاستدانوں سے مضبوط تعلقات بنانے کی بھی کوشش کی.قابل غور ہے کہ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں پیر کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان سربراہی مذاکرات کے بعد ماریا کی گرفتاری کی اطلاع سامنے آئی ہے ۔محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چہارشنبہ کو اس معاملہ کی سماعت ہونے تک وہ جیل میں رہے گی۔