کنساس(امریکہ)16جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے کنساس شہر میں حال ہی میں ایک رسٹورنٹ میں ڈکیتی کی وارادت کے دوران تلنگانہ کے ضلع ورنگل سے تعلق رکھنے والے شرت کپو نامی نوجوان کو گولی مارکر ہلاک کردینے والا حملہ آور شوٹ آوٹ میں ہلاک ہوگیا۔پولیس نے یہ بات بتائی۔اس حملہ آور نے پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ہونے سے قبل تین پولیس افسروں کو زخمی کردیا۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ تین پولیس افسران کی حالت خطرہ سے باہر ہے ۔اس حملہ آور جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا پر شرت کپو پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد نظر رکھی گئی تھی ۔شرت کپو ،یونیورسٹی آف مسوری کا ماسٹرس ڈگری کا طالب علم تھا۔اس کو 6جولائی کو رسٹورنٹ میں ڈکیتی کے دوران مسلح شخص نے گولی مار کرہلاک کردیاتھا۔انڈیا ایسوسی ایشن آف کنساس سٹی کے صدر جگدیش سبرامنیم نے میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شرت کے معاملہ کو سنجیدگی سے لینے پر پولیس کے وہ مشکور ہیں۔انہوں نے تاہم یہ بھی کہا کہ انہیں اس شوٹ آوٹ معاملہ میں تین پولیس افسران کے زخمی ہونے پر دکھ ہے ۔پولیس کو مطلوب حملہ آور نے اپنی نیم خودکار اے کے 47رائفل سے پولیس پر گولیاں چلادیں ۔