امریکہ میں برف کا مہلک طوفان ، معمولات زندگی منجمد

واشنگٹن 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک مہلک برف کا طوفان بیسیوں افراد کے لئے پریشانی کی وجہ بن گیا کیونکہ سڑکوں پر برف جمع ہوجانے کی وجہ سے نقل و حرکت بند ہوگئی اور لوگ جہاں تھے وہیں پھنس کر رہ گئے۔ امریکہ کے سینکڑوں گھرانے برقی سربراہی سے محروم ہوگئے جو پہلے ہی سے سردی کی شدت کی وجہ سے پریشان تھے۔ امریکی عوام ابھی قدرت کے گزشتہ قہر کے اثرات سے اُبھر ہی رہے تھے کہ تازہ مہلک طوفان نے امریکہ پر ہلّہ بول دیا۔ آج روانہ ہونے والے 3700 سے زیادہ طیارے پرواز نہیں کرسکے کیونکہ پورے امریکہ میں شدت کی سردی کی لہر چل رہی تھی۔ اِن میں سے نصف پروازیں امریکہ کے مصروف ترین ایرپورٹس روانہ ہونے والی تھیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹ فیلڈ انٹرنیشنل ایرلائنز کے نگرانکار محکمہ نے کہاکہ قومی موسمی خدمات نے کئی دن پہلے ہی انتباہ دیا تھا کہ قطب شمالی کی سرد ہوا کا ایک زبردست گنبد مشرقی امریکہ کے علاقوں کو اپنی گرفت میں لے لیگا جس کی وجہ سے مفلوج کردینے والا برفانی طوفان آسکتا ہے۔ سڑکوں پر جمع ہونے والی برف کی مقدار ناقابل قیاس تھی۔ اگر اِسے ایک تاریخی واقعہ نہیں تب بھی ایک ہولناک واقعہ ضرور قرار دیا جاسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات پہلے ہی انتباہ دے چکا تھا کہ سڑکوں پر ایک انچ (ڈھائی سنٹر میٹر) سے زیادہ برف جمع ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ جنوبی کیرولینا سے جارجیا تک کثیر مقدار میں برفباری ہوئی۔

زبردست برفانی طوفان الاباما سے ورجنیا تک پھیلا ہوا تھا۔ اندیشہ ہے کہ سڑکوں پر ایک فٹ (30 سنٹی میٹر) بلند برف کی تہہ جمع جائے گی۔ شمال کی سمت سے چلنے والی شدید سرد ہوا اور اُس کے ساتھ ہی مشرقی سمندر کی سمت سے آنے والی ہوا کے نتیجہ میں اندیشہ ہے کہ جملہ برفباری کی مقدار اوسطاً 18 اِنچ روزانہ ہوجائے گی۔ برف کا طوفان شمال مشرقی دور افتادہ علاقہ نیو انگلینڈ تک پہونچ چکا ہے۔ اندیشہ ہے کہ یہ طوفان مزید استحکام حاصل کرے گا جبکہ اِس کی پیشرفت شمال کی سمت ہوگی۔ کیونکہ اِس کے ساتھ ہی مشرقی سمندر کی جانب سے چلنے والی ٹھٹھرا دینے والی ہوائیں بھی ہوں گی۔ برفباری اندیشہ ہے کہ 18 اِنچ روزانہ کے اوسط سے ریکارڈ کی جائے گی۔ تاحال برفانی طوفان شمال مشرقی علاقہ نیو انگلینڈ تک پہونچ چکا ہے۔ حادثات اور سڑک پر چھوڑی ہوئی کاروں کی وجہ سے شمالی کیرولینا میں زبردست ٹریفک جام پیدا ہوگئے ہیں۔ شہروں کا عام طور پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے پہونچ گیا ہے۔ ریلے اور شارلٹ شہروں میں پورا علاقہ برف پوش ہوگیا ہے۔ شمالی کیرولینا کے گورنر پیٹ میکروری نے مقامی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں تک محدود رہیں چاہے اِس کا مطلب کام پر غیر حاضری ہی کیوں نہ ہو کیونکہ سڑکوں پر نکلنے میں زندگی کا خطرہ ہے۔ اُنھوں نے سی این این پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی گرم اور محفوظ مقام پر ہیں تو وہیں محدود رہیں۔ پہلے ہی ہلاکتوں کی تعداد دو ہوچکی ہے اور مزید ہلاکتیں ممکن ہے۔ جارجیا میں دو افراد اب تک برفانی طوفان کی نذر ہوچکے ہیں۔ اِس طرح ہلاکتوں کی جملہ تعداد غیرسرکاری ذرائع کے بموجب 4 ہوگئی ہے۔

لیکن یہ صرف ابتدائی اطلاعات ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ہے۔ اٹلانٹا کے شہریوں کی اکثریت آج اپنے گھروں تک محدود رہی۔ آئندہ دو ہفتے تک برف کا طوفان جاری رہنے کا اندیشہ ہے حالانکہ اِس کی شدت میں کمی آجائے گی لیکن موجودہ طوفان سے ہزاروں افراد مختلف مقامات پر ملک گیر سطح پر پھنسے ہوئے ہیں۔ قومی شاہراہوں کو برف کے دوران چھوڑی ہوئی کاروں اور جمی ہوئی برف ہٹانے کے لئے کئی دن لگیں گے۔