ہیوسٹن۔8ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی کئی ریاستیں اس وقت برف کے شدید طوفان کی زد میں ہیں اورکئی علاقے منجمد ہوچکے ہیں ۔عام زندگی مفلوج ہے‘سڑکوں اور گھروں پر برف کی تہہ جمی ہوئی ہے ۔ برفیلی طوفان کی وجہ سے کئی افراد کے مرنے کی اطلاع ہے ۔ عوام کو مجبوراً گھروںمیں بند ہونا پڑا ہے ۔ سردی کی وجہ سے برقی سربراہی بھی منقطع ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ورجینیا اور مڈاٹلانٹک کے علاقوں میں برفباری کی وجہ سے سارا نظام درہم برہم ہوگیاہے ۔ مونٹانا اور ساؤتھ ڈیکوٹا میں درجہ حرارت زائد از 20ڈگری منفی سطح پر پہنچ گیاہے ۔ سرد ہواؤں کے ساتھ شمال مغربی منی سوٹا میں درجہ حرارت منفی 50ڈگری تک پہنچ جانے کا امکان ہے ۔ برفیلی ہوائیں اور طوفان کا یہ سلسلہ گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری ہے اور آئندہ ایک ہفتہ تک جاری رہے گا ۔ ٹکساس سے اوہائیو اور ٹینیسی تک برف کی چادر بچھی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں کئی گھروں ‘ سڑکوں پر برف جم گیا ہے ‘ عوام کو باہر نکلنے کیلئے برف کاٹ کر جدوجہد کرنی پڑرہی ہے ۔ برقی منقطع ہونے سے پریشانیوں میںمزید اضافہ ہوا ہے۔ سڑکیں سنسان اور برف کی سفیدچادر نظر آرہی ہے ۔ کیلیفورنیا میں سان فرانسیسکو بائے علاقہ میں چار افراد سردی کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں ۔ کئی ریاستوںمیں برفیلی طوفان کی وجہ سے ہونے والے سڑک حادثوں میں ایک درجن افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ڈلاس علاقہ میں تقریباً 75ہزار صارفین کو برقی کے بغیر رہنا پڑا ۔ اوکلاہاما میں زائد از 270,00 افراد برف سے شدید متاثر ہوئے ہیں ۔ مغربی ارکنساس میں بھی برفیلی طوفان نے تباہی مچادی ہے ۔ دو ہزار پروازوںکو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ ڈلاس کے فورڈ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چار سو پروازیں منسوخ کردی گئی ہے ۔ زائد از 3330 مسافرین کو ٹرمنلس میں پوری رات گذارنی پڑی ۔ برف کے طوفان اورٹھنڈے پانی نے شہریوں کو ٹھٹھر کر رکھ دیا ہے ۔ امریکی عوام ان دنوں انتہائی سخت موسم کی لپیٹ میں ہیں ۔ برقی کی سربراہی منقطع ہونے سے برف کا یہ طوفان جان لیوا ثابت ہورہا ہے ۔
کار250فٹ کھائی میں گرپڑی ‘4 افراد محفوظ
واشنگٹن۔8ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ریاست اریزونا میں چار ارکان خاندان اس وقت معجزاتی طور پر بچ گئے جب ان کی کار 250 فٹ گہری کھائی میں تقریباً 7مرتبہ پلٹی کھاتے ہوئے گرپڑی ۔اریزونا کی ساکن ایک خاتون پہاڑی علاقے میں کار ڈرائیو کررہی تھی اور اس کی بہن و دیگر دو رشتہ دار اس میں سوار تھے کہ اچانک برف کی وجہ سے کار پھسل کر گہری کھائی میں گرپڑی لیکن حیرت انگیز طور پر یہ سب زندہ بچ گئے اور انہیں معمولی زخم آئے ۔