نیویارک۔ 21 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کو 38برس کے طاقتور ترین برفانی طوفان کا سامنا ہے، جیسا کہ پچاس ریاستوں کے مختلف شہروں کو برف نے مکمل طور پر ڈھک دیا ہے، مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔برفباری کی شدت سب سے زیادہ ریاست نیویارک میں دیکھنے کو ملی جہاں 5فیٹ تک سفید چادر تن گئی ہے۔ فضا سے جائزہ لیا جائے تو ہر جگہ سفیدی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں،سڑکوں پر گاڑیاں تو موجود ہیں لیکن ان پر برف نے سفیدی پھیر دی ہے۔ ایرے کاؤنٹی کے کچھ حصوں میں ڈرائیونگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے،لیکن یہ تو صرف شروعات ہے۔ مقامی محکمہ موسمیات نے مزید 3فیٹ تک برف گرنے کی خبر سنادی ہے اور ریاستی حکومت نے 10 کاؤنٹیوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے ۔ گورنر اینڈریو کومو کہتے ہیں کہ ابھی مزید سخت موسم کیلئے تیار رہنا چاہئے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی وہ اپنا وقت گھروں میں گزاریں، باہر نکلنا ان کی زندگی کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے۔