امریکہ میں برفباری ، درجہ حرارت منفی34 ، پروازیں منسوخ

شکاگو/ ونسٹن ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے جنوبی علاقے آج تازہ برفباری کی وجہ سے بری طرح متاثر رہے اور اسکولس کو بند کردیا گیا جبکہ کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ایمرجنسی عہدیداروں نے سڑکوں پر برف کی تہہ جم جانے کا انتباہ دیا۔ برفباری کی وجہ سے شمال مشرقی اور شمالی علاقوں میں موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے اور بعض مقامات پر درجہ حرارت منفی 34 ڈگری تک پہنچ گیا۔ موسمیاتی ادارے نے بتایا کہ سردی کی یہ لہر جنوبی لوئیسیانا سے شمالی فلوریڈا اور کیرولینا تک پہنچ سکتی ہے۔

جارجیا، جنوبی کیرولینا اور شمالی کیرولینا میں بھی برفباری کے امکانات ہیں۔ جنوبی کیرولینا میں ریاستی اسمبلی کا سیشن ناموافق موسم کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ مسی سپی میں ایمرجنسی عہدیداروں نے عوام کو برقی منقطع ہونے کی صورت میں تیاری کرلینے کا مشورہ دیا اور سڑکوں پر ڈرائیونگ کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور ہر شخص کو ہنگامی منصوبہ تیار کرلینا چاہئے ۔ فضائی خدمات بھی بری طرح متاثر رہی ہیں اور 2800 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔