حیدرآباد 8ستمبر (یواین آئی ) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے کہا کہ انہیں امریکہ میں رہتے ہوئے اپنے مکان میں خود کے برتن دھونے پر فخر ہے ۔مسٹر راو نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا” میں نے دیگر ہندوستانیوں کی طرح امریکہ میں اپنے مکان میں خود کے برتن دھوئے اور وہاں کام کرنے ،مہذب زندگی گزارنے پر مجھے فخر ہے ۔ آپ کے پپو کی طرح نہیں۔ میں نے آپ کے برخلاف عوامی رقومات کو نہیں لوٹا اور اپنی کار میں نہیں جلایا”۔مسٹر راو نے صدرتلنگانہ کانگریس اتم کمار ریڈی کی جانب سے دیئے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے یہ ٹوئیٹ کیا ۔اتم کمار نے اپنے بیان میں طنزیہ طورپرحوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راو ایک نوجوان اسٹارٹ اپ ہیں جنہوں نے تلنگانہ کی سیاست میں داخل ہونے سے پہلے امریکہ میں برتن دھوئے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم جب یہاں سیاست میں تھے تو اس وقت مسٹر راو نے امریکہ میں برتن دھوئے تھے ۔ کے ٹی راما راو نے اپنے ٹوئیٹ میں یکم مئی 2014کو ایک انگریزی اخبار میں شائع خبر کی کلیپنگ بھی لگائی۔اس اخبار میں لکھا گیا تھا کہ اتم کمار ریڈی کی کار سے جلی ہوئی نقد رقم برآمد ہوئی ہے ۔