امریکہ سے راست مذاکرات پر زور : ایران

تہران 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کے روحانی رہنما کے اعلی مشیر خارجہ نے امریکہ کے ساتھ راست علیحدہ بات چیت کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ایرانی صلاح کار علی اکبر ولایتی کے یہ ریمارکس صدر ایران حسن روحانی کی پالیسیوں کی تائید کے طور پر سمجھا جارہا ہے ۔ کٹر پسند ایرانی طبقہ کی جانب سے حسن روحانی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جنہوں نے عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے ملک کے نیوکلئیر پروگرام کے تعلق سے ایک معاملت کی ہے ۔ مسٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران کو خود ساختہ 5+1 عالمی طاقتوں سے راست مذاکرات کے نتیجہ میں فائدہ ہوگا۔

ان ممالک امریکہ ‘ روس‘ فرانس ‘ برطانیہ ‘ جرمنی اور چین کے ساتھ ایران نے نیوکلئیر پروگرام کے تعلق سے معاہدہ کیا ہے۔ ان کے ان ریمارکس کو ٹیلی ویژن پر پیش کیا گیا اور نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ان ممالک کے ساتھ راست بات چیت نہ کریں تو ہم درست راستے پر نہیں ہیں۔ ہم کو ہر ملک کے ساتھ علیحدہ بات چیت کرنی ہوگی ۔ اگر ہم ان ممالک کو ہمارے خلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے لے آئیں تو یہ ہمارے لئے ہی غلط ہوگا ۔