امریکہ دنیا پر اپنا تسلط چاہتا ہے : روس

ماسکو ، 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر براک اوباما کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب پر روس کی شدید تنقید سامنے آئی ہے۔ ماسکو حکومت کے مطابق یہ تقریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ خود کو ’نمبر ون‘ سمجھتا ہے اور دنیا پر اپنا تسلط قائم رکھنا چاہتا ہے۔ امریکی صدر نے خطاب میں یوکرائن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اصول یہ ہے کہ بڑی قومیں کسی بھی طرح چھوٹی قوموں کو ڈرا نہیں سکتیں‘‘۔ صدر اوباما نے یہ بھی کہا تھا کہ یوکرائن میں ان کا ملک روسی جارحیت کے خلاف جمہوریت کی حمایت کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا تھا، ’’امریکہ مضبوط ہے اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ متحد کھڑا ہے جبکہ روس الگ تھلگ ہو کر رہ گیا ہے اور اس کی معیشت کی دھجیاں بکھر گئیں ہیں۔‘‘ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے نیوز کانفرنس میں کہا، ’’ امریکیوں نے تصادم کا راستہ اختیار کیا ہے جبکہ انہوں نے اپنے اقدامات کا تنقیدی جائزہ لیا ہی نہیں۔‘‘ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی فلسفے کا مرکزی نقطہ ایک ہی ہے کہ ’’وہ پہلے نمبر پر ہیں اور باقی سب کو یہ تسلیم کرنا چاہئے‘‘۔