امریکہ تیرا شکریہ ، مودی اپنے دورہ سے بہت خوش!

واشنگٹن ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے 5 روزہ دورہ امریکہ کو نہایت ہی کامیاب اور اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ہندوستان واپسی کے وقت انگریزی میں "Thank you America” کہا۔ مبصرین نے کہا کہ نریندر مودی صدر امریکہ بارک اوباما کے ساتھ شخصی تعلقات قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں البتہ وہ باہمی تعلقات کو بہتر نہیں بنا سکے، مسائل اپنی جگہ برقرار ہیں۔ دو مرحلوں کی بات چیت کے بعد دونوں قائدین نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر حکمت عملی اور عالمی شراکت داری کے بشمول کئی مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔ 64 سالہ مودی نے ایک مضبوط تاثر دینے کی کوشش کی کہ ہندوستان میں ان کی حکومت طاقتور ہے اور وہ ہندوستان کو اپنے عزم کے مطابق کامیاب بنائیں گے۔

اس سلسلہ میں امریکی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ ریلوے اور ڈیفنس مینوفکچرنگ میں سرمایہ کاری کے بشمول دیگر شعبوں میں امریکی تعاون پر زور دیا گیا ہے۔ 1993ء ممبئی دھماکوں کے اصل ذہن ساز داؤد ابراہیم اور ان کے مالیاتی نیٹ ورک کے بارے میں بھی مودی نے اوباما سے تبادلہ خیال کیا۔ داؤد ابراہیم اب امریکہ اور ہندوستان کو پہلی مرتبہ نشانہ بنارہے ہیں۔ دونوں ممالک نے داؤد ابراہیم کی کمپنی کے بشمول دہشت گردوں اور مجرمانہ نیٹ ورکس کیلئے بننے والے محفوظ مقامات کو ختم کرنے کیلئے بھی معاہدہ کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر امریکہ بارک اوباما نے ازخود مشترکہ طور پر تمام مالیاتی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی جانب توجہ دی ہے۔