امریکہ اور طالبان سے میری جان کو خطرہ : شیخ رشید

اسلام آباد ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ جہاد کو اسلام کا حصہ سمجھتے ہیں لیکن جہاد لوگوں کو قتل کرنے کا نام نہیں، نیز وہ امریکہ اور طالبان کے نشانے پر ہیںجبکہ اپوزیشن اور حکومت کے نمائندے اُن کے ساتھ ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کے ادارے مفلوج ہوچکے ہیں، ہر ادارہ میں تباہی مچائی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رشید نے کہا ، ’’ میری جان کو ہر وقت خطرہ رہتا ہے، امریکہ اور طالبان کے نشانے پر ہوں، امریکہ کی دھمکیوں کی پرواہ نہیں ہے، حکومت میری درخواست کو جلد نمٹائے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے آج انھیں روک دیا ہے، کل حکمران جماعت کے وزراء کی بھی باری آئے گی۔ برسراقتدار پارٹی کو آنکھ کھول کر بیرون ملک کے ساتھ بات کرنی چاہئے۔ ’’پاکستان تحریک انصاف نے میرے لئے حقیقی رول ادا کیا ہے‘‘۔