جنیو۔27اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور روس نے کہاہے کہ وہ شام میں جنگ بندی کے حوالے سے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں لیکن اب بھی چند مسائل کو حل کرنا باقی ہے۔جنیوا میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی اپنے روسی ہم منصب سرگئی لورووف سے شام کے مسئلے پر بات چیت ہوئی اور بعد میں دونوں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے بات کی۔روسی وزیر خارجہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شام میں جنگ بندی کے معاملے پر امریکہ سے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں لیکن اب بھی چند مسائل کو حل کرنا باقی ہے۔ تقریباً دس گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد جان کیری نے بتایا کہ لورووف اور انھوں نے شام میں جنگ بندی پر آگے بڑھنے کے راستے کا واضح اندازہ ہوگیا ہے لیکن اب بھی چند تفصیلات پر کام کرنا باقی ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ’’ہم ( معاہدے) کے قریب ہیں لیکن ہم اس وقت تک معاہدے میں جلدی نہیں کریں گے جب تک یہ شامی شہریوں کو ان کی ضروریات کے مطابق قابل اطمینان نہیں ہوتا‘‘۔امریکی وزیر خارجہ کے مطابق شام میں جنگ بندی کی بحالی اور امدادی سامان کی زیادہ بہتر رسائی کے اقدام پر زیادہ تر تکنیکی بات چیت مکمل ہوچکی ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے ماہرین جنیوا میں ہی موجود رہیں گے تاکہ آنے والے دنوں میں حل طلب معاملات کو حل کر سکیں۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اب بھی ہمیں چند معاملات کو حل کرنے کی ضرورت ہے جس میں القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ کے جنگجوؤں کی شمالی مشرق میں امریکی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے درمیان تفریق کرنا ہے۔انھوں نے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی شامی حکومت اور امریکہ کی حمایت یافتہ حزب مخالف کے درمیان مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔