امریکہ اور جنوبی کوریا کے مابین فضائی جنگی مشقوں کا آغاز

سیول ، 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان آج سے فضائی جنگی مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ جنوبی کوریائی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ ’میکس تھنڈر‘ کے نام سے ان مشقوں میں 103 طیارے اور لگ بھگ 1400 اہلکار شرکت کر رہے ہیں اور یہ مشقیں 25 اپریل تک جاری رہیں گی۔

ترجمان نے نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ تعداد کے اعتبار سے یہ ان دونوں ملکوں کے درمیان تاحال سب سے بڑی مشق ہے۔ ان مشقوں میں امریکی ایئرفورس کے F-15، F-16 اور یو ایس میرینز کے F-18 اور EA-18 طیارے جبکہ جنوبی کوریا کے F-15 لڑاکا طیارے حصہ لیں گے۔ ترجمان کے بقول دونوں ملکوں کی فضائی افواج شمالی کوریا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ممکنہ جنگی صورتحال میں اپنی تیاریوں کو مزید مضبوط کریں گی۔