واشنگٹن، 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا مانناہے کہ ان کے اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ان کے اچھے رشتے ہیں اور اس وقت امریکہ اور جنوربی کوریا کے درمیان جنگی مشق پر اخراجات کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔وہائٹ ہاؤس نے ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ٹرمپ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ شمالی کوریا چین کے زبردست دباؤ میں ہے ۔ چین اسے توانائی،کھاد اور دیگر اشیاء کی ضرورتوں کی تکمیل کرکے ہر ممکن مدد کررہا ہے ۔ جس کی وجہ سے شمالی کوریا کے ساتھ معاملات میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ان تمام باتوں کے باوجود ٹرمپ یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ مسٹر کم جانگ ان کے ساتھ ان کے تعلقات اچھے ہیں۔ ایسے وقت میں امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان جنگی مشقوں کے اسراف کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔واضح رہے کہ امریکی صدر کا یہ بیان امریکی وزیر دفاع جیمس میاٹس کے بیان کے ایک دن بعد آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ۔جنوبی کوریا کے درمیان جنگی مشقوں کو پھر سے شروع کیا جاسکتا ہے ۔مسٹر میاٹس نے کہا تھا امریکہ نے شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کے وقت اعتماد کو بحال کرنے کے اقدام کے طور پر کئی بڑی جنگی مشقوں کو ملتوی کردیا تھا۔