تہران ، 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک مرتبہ پھر امریکہ کو ایرانی قوم کا دشمن نمبر ایک قرار دیا ہے۔ ایران کی خبررساں ایجنسی فارس نے پاسداران انقلاب کا یوم عاشور سے قبل ایک بیان جاری کیا جس میں امریکہ پر دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) اور دیگر ’’تکفیری گروپوں‘‘ کے احیاء کی سازش کا الزام عاید کیا ہے۔ نیز عراق ،شام اور لبنان میں داعش اور دوسری تکفیری سازشیں آج کی تلخ حقیقتیں ہیں اور یہ ظاہر کرتی ہیں کہ امریکہ دنیا بھر میں جاری سازشوں اور برائیوں کا منبع ہے جس کے پیش نظر ایک آزاد نظام اور پیارے اسلام کی طاقتور انداز میں موجودگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ایران میں اس سال 4 نومبر کو یوم عاشور تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ 1979ء میں اسی روز ایرانی طلبہ نے تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضہ کر لیا تھا اور ان کا قبضہ 444 روز تک برقرار رہا تھا۔ طلبہ کی اس کارروائی کی عالمی سطح پر مذمت ہوئی اور امریکہ اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف لے گیا تھا۔ پاسداران انقلاب نے اس موقع پر ملک بھر میں ریلیاں نکالنے پر زوردیا ہے اور اس کو عالمی استبداد کے خلاف قومی دن قرار دیا ہے۔ ایران میں ہر سال امریکی سفارت خانے پر قبضے کی سالگرہ کے موقع پر ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور اس کو ایک طرح سے یوم فتح کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے حکام کی جانب سے ایران کے خلاف جوہری پروگرام پر مذاکرات کے دوران جرائم کے ارتکاب کی مذمت کی گئی ہے اور اس کے ناقابل تردید حق کی بحالی اور ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے پر زوردیا گیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے ایک مرتبہ پھر سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کے وضع کردہ رہ نما اصولوں کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وقار اور آزادی کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا ہے اور نہ اس کو دشمن نقصان پہنچا سکتا ہے۔