واشنگٹن ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ اُس کی توجہ ہندوستان کے ساتھ اپنے رشتہ کو آگے بڑھانے کے بارے میں مرکوز ہے اور ادعا کیا کہ سفارت کار دیویانی کھوبر گاڑے کے خلاف قانونی عمل سفارتی عمل سے جداگانہ ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی نائب ترجمان میری ہاف نے کل کہا ، ’’اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ہماری توجہ فی الحال باہمی رشتہ میں پیشرفت پر مرکوز ہے ‘‘۔ وہ دیویانی کی ویزا دھوکہ دہی اور غلط نمائندگی کے الزامات پر گرفتاری کے تناظر میں ہند ۔ امریکہ رشتہ کے بارے میں سوالات کا جواب دے رہی تھیں۔ انھوں نے کہا ، ’’ ہم مسلسل اس رشتہ میں مثبت پیشرفت کیلئے کوشاں ہیں، اس ضمن میں مل جل کر کام کررہے ہیں اور تمام مسائل کا احاطہ کیا جارہا ہے ۔ یہی کچھ فی الحال ہمارے پیش نظر ہے ‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ جان کیری اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے دیویانی کے واقعہ پر تاسف ظاہر کیا اور وہ اس واقعہ کے بعد آگے بڑھنے کی خواہش مند ہے ۔ انھوں نے کہاکہ امریکہ ہنوز دیویانی کے اقوام متحدہ مشن کو تبادلے سے متعلق پیپر ورک کا جائزہ لے رہا ہے ۔