اقوام متحدہ ، 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ونیزویلا میں انسانی صورت حال پر غورو خوص کے لئے اگلے ہفتے ایک میٹنگ بلانے کی درخواست کی ہے ۔اقوام متحدہ کے ایک سفارتی ذرائع نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی مشن نے سلامتی کونسل کو ونیزویلا میں انسانی صورت حال کے بارے میں ایک اجلاس منعقد کرنے کے لئے کہا تھا۔ اس اجلاس کے 10 اپریل کو منعقد ہونے کا امکان ہے ۔ اسی دوران ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا ہے کہ اسے ونیزویلا کو بغیر لائسنس کے انسانی امداد فراہم کرنے کا موقع ملا ہے ۔ واضح ر ہے کہ ونیزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ہو رہے ملک بھر احتجاج کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے اس پر کئی قسم کی پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ کہا ہے کہ وہ فوجی متبادل پر بھی غور کر رہا ہے ۔ قومی اسمبلی کے صدر اور حزب اختلاف کے لیڈر جوآن گوائیڈو نے 23 جنوری کو ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دیا تھا۔امریکہ کے علاوہ اب تک کینیڈا، ارجنٹینا، برازیل، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، گوئٹے مالا، ہونڈوراس، پناما، پیراگوئے اور پیرو سمیت 54 ممالک نے حزب اختلاف کے لیڈرجوآن گوائیڈوکو ونیزویلا کے عبوری صدر کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ونیزویلا میں ہزاروں لوگ موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت مسٹر گوائیڈو کر رہے ہیں۔ جنوری کے اوائل میں مسٹر مادرو نے صدر کے طور پراپنی دوسری مدت کار کا حلف لیا تھا ۔ حال ہی میں اختتام ہوئے انتخابات میں ان پر دھاندلی کرنے کے الزام لگے تھے ۔مسٹر مادرو کی قیادت میں کئی سالوں سے ونیزویلا شدید اقتصادی بحران کا سامنا کر رہا ہے ۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے علاوہ اشیائے خوردنی اور ادویات کی قلت کی وجہ سے لاکھوں لوگوں نے ونیزویلا سے نقل مکانی کی ہے ۔
اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق ونیزویلا کے 27 لاکھ لوگوں نے لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک میں پناہ لی ہوئی ہے ۔