امریکہ ، شام میں نوفلائی زون کیلئے تیار نہیں

واشنگٹن۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ شام میں نوفلائی زون کے قیام کیلئے تیار نہیں ہے اور نہ اس کی اس سلسلے میں ترکی کے ساتھ فی الوقت کوئی بات چیت ہورہی ہے۔یہ بات وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ایرنسٹ نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ امریکہ ترکوں کے ساتھ مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیلئے تیار ہے لیکن اس وقت شام کی فضائی حدود میں نوفلائی زون کا قیام مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔واضح رہے کہ ترکی ایک عرصے سے شام کے اندر ایک بفر زون کے قیام کی وکالت کررہا ہے تاکہ خانہ جنگی اور داعش ،امریکہ کی جنگ میں بے گھر ہونے والے شامیوں کو وہاں رکھا جا سکے اور انھیں وہیں انسانی امداد پہنچائی جاسکے۔لیکن ترکی اب تک اپنے نیٹو اتحادی امریکہ کو شام میں اس نوفلائی زون کے قیام کیلئے آمادہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔