امریکہ ،پاکستان سے گہرے تعلقات کا پابند : وزیر خارجہ امریکہ جان کیری

واشنگٹن 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ امریکہ جان کیری نے آج کہاکہ امریکہ پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات برقرار رکھنے کا پابند ہے کیونکہ دونوں ممالک کے مفادات ایک دوسرے کی کامیابی سے وابستہ ہیں اور اِن کے ذریعہ ہی علاقائی امن و خوشحالی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ صدر بارک اوباما اور امریکی عوام کی جانب سے وزیر خارجہ نے پاکستان کی حکومت اور عوام کو لاہور قرارداد پر دستخط کرنے کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ اِس قرارداد کے نتیجہ میں پاکستان کی آزادی کی بنیاد پڑی تھی۔ جان کیری نے پاکستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ آج کے خصوصی دن اُنھیں اُمید، حوصلہ اور اعتماد کا پیغام یاد آتا ہے جو قائد اعظم نے عیدالاضحی 1947 ء کے اپنے پیام مبارکباد میں پاکستانی عوام کو دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ہم سب کو اُسی اُمید اور عزم مصمم کے ساتھ چیالنجوں کا مشترکہ طور پر سامنا کرنا ہے۔ جس کے ذریعہ پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا۔ جان کیری نے کہاکہ پاکستان کی کامیابی میں ہمارے مفادات بھی داؤ پر لگے ہوئے ہیں۔ اوباما انتظامیہ پاکستان کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کے برقرار رکھنے کا پابند ہے اور آج کے دن اِس کا اعادہ کرتا ہے۔