امریکہ، جنوبی کوریا مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز

سیئول۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا اور امریکہ نے اپنی سالانہ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا جبکہ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن نے اپنی فوجیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دشمن کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کیلئے تیار ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان جب بھی مشترکہ فوجی مشقیں کی جاتی ہیں تو اس سے منقسم کوریائی جزیرہ نما میں ہلچل مچ جاتی ہے جبکہ جنوبی کوریا کے بعض سینئر قائدین یہ کہتے ہیں کہ شمالی کوریا کے سینے پر سانپ لوٹنے لگتے ہیں۔ یونائٹیڈ اسٹیٹس کوریا فورسیس کے ترجمان نے بتایا کہ فوجی مشقیں گزشتہ سال کی نوعیت کے مطابق انجام دی جائیں گی۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا نے حالیہ دنوں میں بالسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا اور بعدازاں کم جونگ نیم کے قتل کے بعد حالات مزید ابتر ہوگئے ہیں۔