امریکہ، بغداد میں گرین زون کو عوام کیلئے کھولنے کا مخالف

واشنگٹن ۔ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے بغداد کے گرین زون کو عوام کیلئے کھول دینے کی شدید مخالفت کی ہے۔ یاد رہیکہ گرین زون ایک قلعہ بند علاقہ ہے جہاں عراق کی مختلف سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور مختلف ممالک کے سفارتخانے موجود ہیں۔ 12 سال کے طویل عرصہ کے بعد گرین زون کو کل عوام کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ 10 مربع کیلو میٹر کے رقبہ پر محیط یہ علاقہ سابق صدر صدام حسین کے دور میں اقتدار کا مرکز تھا۔ تاہم 2003ء میں امریکی قیادت والی فوج کشی کے بعد اسے گرین زون سے موسوم کیا گیا۔ دریں اثناء اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ امریکہ نے بغداد کو گرین زون عوام کیلئے کھولے جانے پر اپنی ناراضگی سے واقف کروادیا ہے اور اب سیکوریٹی کی صورتحال کا مزید قریب سے جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ اب بدلتے ہوئے حالات کے تحت سیکوریٹی کے طریقہ کار کو بھی بدلا جائے حالانکہ عراقی حکام نے گرین زون کو عوام کیلئے کھولے جانے کے فیصلہ سے امریکہ کو واقف کروایا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ 2011ء کے اواخر میں امریکی افواج نے بغداد کا تخلیہ کیا تھا۔ تاہم امریکی سفارتخانے کو اور امریکی عہدیداروں کے بغداد سفر کے وقت امریکی مسلح افواج کی جانب سے زبردست سیکوریٹی فراہم کی جاتی ہے۔