واشنگٹن ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک اعلیٰ فوجی عہدیدار نے بتایا کہ امریکہ اور اس کے حلیف ممالک افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں۔ جنگ زدہ ملک سے امریکی افواج کی واپسی کا وقت متعین ہے اور اس کی تیاریاں بھی ہورہی ہیں۔ افغانستان میں ناٹو فورس اور امریکی کمانڈر جنرل جوزف ڈانفورڈ نے کہا کہ افغانستان میں اگر ہماری کامیابی سے متعلق کوئی سوال کرتا ہے تو ہم منصفانہ طور پر اس کا جواب دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے کئی ثبوت موجود ہیں۔ سب سے اولین بات یہ ہے کہ افغانستان میں ہماری کوششوں کی وجہ سے دہشت گرد نیٹ ورک کمزور پڑگیا ہے۔ ہم نے ایک اور 9/11 واقعہ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔