امریکہ، اسرائیل کو بم اور سعودی عرب کو ہیلی کاپٹرس فروخت کریگا

واشنگٹن ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہیکہ وہ اسرائیل کو ہزاروں بم اور میزائیل فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں وہ سعودی عرب کو 10 سی ہاک ہیلی کاپٹرس بھی فروخت کرے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ معاملت 1.9 بلین ڈالر فی کس ہوگی۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کانگریس کو مطلع کیا کہ مشرق وسطیٰ میں دونوں ممالک کے ساتھ اس کی دفاعی معاملتیں ہوسکتی ہیں۔ کہا گیا ہیکہ ایران کے ساتھ امریکہ کی بات چیت میں ہورہی پیشرفت کو دیکھتے ہوئے دونوں ممالک اپنے دفاعی اقدامات کو تیز کررہے ہیں۔ کہا گیا ہیکہ اسرائیل کے ساتھ ہونے والی ہتھیاروں کی معاملت کے تحت امریکہ اسرائیل کو 3000 ہیل فائر میزائیل، 250 درمیانی فاصلہ تک فضاء سے فضاء میں وار کرنے والے میزائیل 4100 گلائیڈ بم اور 50 بی ایل یو 113 بم فروخت کرے گا۔ یہ ہتھیار اسرائیل میں پوشیدہ ٹھکانوں پر نصب کئے جائیں گے۔ اسرائیل نے حال ہی میں امریکہ کی ایران کے ساتھ سفارتی کوششوں کی شدید مذمت کی۔

اس نے ایران کو نیوکلیئر ہتھیار تیار کرنے کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہیکہ وہ ایران کو روکنے یکطرفہ طور پر فوجی کارروائی بھی کرسکتا ہے۔ اسرائیل کے ایک اخبار میں کہا گیا تھا کہ امریکہ یہودی مملکت کو فوجی امداد فراہم کرسکتا ہے تاکہ ایران کے ساتھ سفارتی کوششوں پر اسرائیل کی برہمی کو کچھ حد تک کم کیا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہیکہ فوجی امداد کے تحت راڈار سے بچنے والے ایف 35 لڑاکا جیٹ طیارے اور مزید میزائیل ڈیفنس سسٹمس بھی اسرائیل کو فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ امریکی عہدیداروں نے کل کہا کہ اسرائیل کے پاس ہتھیاروں کا جو ذخیرہ ہے اسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور نئے طرز کے ہتھیار فراہم نہیں کئے جائیں گے۔ ڈیفنس سیکوریٹی کوآپریشن ایجنسی کی ایک رپورٹ کے بموجب ان ہتھیاروں کی فروخت سے اسرائیل کو اپنے دفاع میں خود مکتفی ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔ مزید برآں سعودی عرب کے ساتھ جو معاملت ہورہی ہے اس کے تحت مملکت کو 10 سی ہاک ہیلی کاپٹر متعلقہ راڈار اور ضروری آلات کے ساتھ فراہم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 38 ہیل فائر میزائیل بھی سعودی عرب کو فراہم کئے جائیں گے۔ کہا گیا ہیکہ اسرائیل اور سعودی عرب کے ساتھ یکساں مالیت کی معاملتوں سے یہ واضح ہوجاتا ہیکہ اسرائیل کو امریکہ علاقہ میں فوجی برتری دلانے حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔