امریکن انڈین ٹرائبل سنٹر میں خاتون کی فائرنگ، 4 ہلاک

الٹوراس (کیلیفورنیا) ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں امریکن انڈین ٹرائبل ہیڈکوارٹرز میں ایک خاتون کی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 4 افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ مقامی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا کے شمال میں واقع امریکن انڈین قبائلی مرکز کیڈرا ولے رنچیریا آفس میں اندھا دھند فائرنگ سے چار افراد کی موت ہوئی۔ مہلوکین کی عمریں 19 سے 50 سال کے درمیان تھیں اور مرنے والوں میں قبیلے کا سربراہ بھی شامل ہے۔ پولیس چیف نے کہا کہ فائرنگ کرنے والی عورت کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ اس وقت کی گئی جب قبیلے کے لوگ ملزمہ اور اس کے بیٹے کو قبیلے سے نکالنے کے حوالے سے اجلاس میں شریک تھے۔ پولیس نے کہا کہ ملزمہ نے واقعے کے بعد فرار ہوتے ہوئے قصائی کی دکان سے ایک چاقو چھینا اور مزید دو لوگوں کو زخمی کر دیا، جن کو قریبی اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

آئی ایم ایف کی کوٹہ اصلاحات میں تاخیر G20 کی ناکامی
سڈنی ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آئی ایم ایف کا کوٹہ اصلاحات کو آگے بڑھانے سے قاصر ہونا ’’G20 کی پہلی نمایاں ناکامی‘‘ قرار دیتے ہوئے ہندوستان نے آج رکن اقوام سے اپیل کی کہ تبدیلیوں کی تیزی سے توثیق کریں تاکہ ابھرتی اقوام کو زیادہ نمایاں آواز کا حامل بنایا جاسکے۔ معتمد معاشی امور اروند مایارام نے کہا کہ یہ G20 کی شاید پہلی واضح ناکامی ہے۔ اس نے G20 کا اعتبار گھٹایا ہے ۔ اس نے G20 کا بین الاقوامی معاشی تعاون کیلئے ممتاز فورم کے طور پر اعتبار کو کم کردیا ہے اور متفقہ اصلاحات کی تکمیل میں ہمہ رخی فورم کے رول پر ضرب لگائی ہے۔ ڈسمبر 2010ء میں طئے ہوا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) 14 ویں عمومی نظرثانی برائے کوٹہ اصلاحات پر جنوری 2014ء تک عمل آوری کرے گا۔