راج کنور کی جانب سے ڈائرکٹ ’’اب کے برس‘‘ 2002 میں ارین ببر کے مقابل بیحد خوبصورت، معصوم سی لڑکی ہیروئین کے طور پر نظر آئی تھیں جن کا نام تھا امریتا راؤ اسی سال راجکمار سنتوشی کے ڈائرکشن میں بنی ’’دا لیجنڈ آف بھگت سنگھ‘‘ 2002 میں بھگت سنگھ کی محبوبہ کے بے حد چھوٹے کردار میں بھی وہ نظر آئی تھیں۔ اس کے بعد شاہد کپور کے مقابل والی کین گھوش کے ڈائرکشن میں بنی 2003 کی فلم عشق وشق نے امریتا راؤ کو بالی ووڈ کی خوبصورت اداکاراؤں میں شمار کردیا۔ 2016 میں امریتا نے آر جے انمول سے شادی کرلی اور ذاتی زندگی میں مصروف ہوگئیں۔ اب امریتا کے چاہنے والوں کے لئے خبر ہے کہ وہ پانچ سال بعد فلم ’’ٹھاکرے‘‘ کے ذریعہ بالی ووڈ میں واپسی کرنے جارہی ہیں۔ نواز الدین صدیقی اسٹار سیاستداں بال ٹھاکرے کی زندگی پر بن رہی بائیوپک میں امریتا راؤ بال ٹھاکرے کی پتنی مینا تائی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ مینا تائی کی پہچان ایک ایسی خاتون کی رہی ہے جنہوں نے ٹھاکرے خاندان کو جوڑکر رکھا۔ ٹھاکرے کا ڈائرکشن شیوسینا قائد سنجے راوت کررہے ہیں ان کے مطابق امریتا مینا تائی کے کردار کے لئے ایک دم فٹ ہے۔ یہ فلم اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہوگی۔