سرینگر۔3جولائی (سیاست ڈاٹ کام)’’ہر ہر مہادیو‘‘ اور ’’بم بم بھولے‘‘ کے نعروں کے ساتھ امرناتھ یاترا کیلئے جموں وکشمیر کے بالتال اور ننوان پہلگام بیس کیمپوں سے منگل کو عقیدت مندو ں کا ایک اور جتھہ مقدس غار کے درشن کیلئے روانہ ہوگیا۔جموں میں واقع بھگوتی نگر بیس کیمپ سے خواتین اور سادھوؤں سمیت 3,489یاتریوں کا نیا جتھہ بابا برفانی کے درشن کیلئے روانہ ہوا۔گزشتہ مہینے 28 جون سے شروع ہوئی 60 دن تک چلنے والی امرناتھ یاترا کے پانچویں دن پیر کو سب سے زیادہ 22,500 یاتریوں نے ہم شیو لنگ کے درشن کئے ۔ یاترا کے پہلے تین دن بارش کی وجہ سے تودے گرنے اور راستے پر پھسلنے کے سبب یاترا میں رخنہ پڑا۔ یاترا کنٹرول روم کے ایک افسر نے بتایا کہ عقیدت مندوں کا ایک جتھہ جس میں خواتین اور سادھو شامل ہیں، منگل کی صبح بالتال کے بیس کیپ سے مقدس امرناتھ غار کیلئے روانہ ہوگیا۔ آسمان میں بادل چھائے رہنے کے باوجود عقیدت مند 14کلومیٹر کی پہاڑی یاترا کے بعد آج دوپہر امرناتھ غار پہنچیں گے ۔ ان میں سے بیشتر عقیدت مند غار میں ہم شیولنگ کے درشن کے بعد واپس جانے کی کوشش کریں گے جبکہ دیگر کیمپ میں رکیں گے ۔ پیر کو درشن کرنے والے عقیدتمند بھی بیس کیمپ سے اپنی منزلوں کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء امرناتھ یاتریوں پر ایک تازہ مصیبت گر پڑی کیونکہ ان کے راستہ میں اچانک سیلاب آ گیا۔