سرینگر ۔ /27 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں کل سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے ضمن میں سخت ترین سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ جنوبی کشمیر کے ہمالیائی غار میں واقع امرناتھ مندر کیلئے 60 روزہ سالانہ یاترا سے قبل الیکٹرو میگنیک چپس سے لیس گاڑیاں ، موٹر سیکلس اور بلٹ پروف اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکلس (ایس یو وی) پولیس قافلہ راستوں پر تعینات کردیئے گئے ہیں ۔ اور بے شمار بلٹ پروف بنکرس بنائے گئے ہیں ۔ 3380 میٹر بلندی پر واقع امرناتھ مندر کے درشن کے لئے تاحال 200,000 افراد اپنے نام درج کروائے ہیں ۔ جموں سے براہ پہلگام و بل تل یاترا کے تمام راستوں پر پولیس اور سی آر پی ایف کے 40,000 مسلح اہلکاروں کو درجنوں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ تعینات کردیا گیا ہے ۔ اہم مقامات پر فوجی چوکیاں متعین کی گئی ہیں اور جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ڈرون متحرک کردیئے گئے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ دہشت گردوں کو کوئی موقع نہ مل سکے اور کسی حملے کی صورت میں سکیورٹی کمک فوری طور پر پہونچ سکے ۔