امرسنگھ کی سماج وادی محاذ میں شمولیت ناممکن

امر سنگھ کو مستحقہ احترام اور عہدہ حاصل ہونے کی تردید‘ شیوپال یادو کی پریس کانفرنس
لکھنو ۔ 4جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی قائد شیوپال یادو نے آج کہا کہ امر سنگھ کو مجوزہ سماج وادی سیکولر محاذ میں شامل کرنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہیں اور انہوں نے ان کی گذشتہ سال پارٹی میں دوبارہ شمولیت کی بھی مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مستحقہ احترام حاصل نہیں ہوگا ‘ اس لئے سماج وادی سیکولر محاذ میں شامل ہونے سے انہیں گریز کرنا چاہیئے ۔ آپ کسی سے بھی پوچھ سکتے ہیں میں ان کو محاذ میں شامل کرنے کی تائید میں نہیں ہوں ۔ امر سنگھ کو سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران ’’ باہری آدمی ‘‘ قرار دیا تھا ۔ سماج وادی پارٹی نے 2016ء میں امر سنگھ کو راجیہ سبھا انتخابات کیلئے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا اور اخراج کے چھ سال بعد انہیں دوبارہ پارٹی میں لے لیا تھا ۔ 2014ء میں امر سنگھ اور ملائم سنگھ ایک بار پھر لکھنو کی ایک تقریب میں ایک ساتھ دیکھے گئے جس کے بعد انہوں نے اکثر ملاقاتیں جاری رکھیں ۔

امر سنگھ کو جاریہ سال یکم جنوری کو سماج وادی پارٹی کے قومی کنونشن جب کہ اکھلیش اس کے صدر بن گئے دوبارہ پھر سے خارج کردیا گیا ۔ اس سوال پر کہ کیا وہ امر سنگھ کو اپنے محاذ میں شامل کرنے پر غورکریں گے ۔ شیوپال نے کہا کہ ان کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ وہ دیگر تمام سماج وادیوں کے ساتھ چاہیں تو شامل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کیلئے تیار ہوں تاہم انہیں کوئی عہدہ حاصل نہیں ہوگا ۔ انہوں نے چاپلوسی اور پس پشت بدگوئی کو خاندان میں تنازعہ کی وجہ قرار دیا ۔ شیوپال نے کہا کہ اگر خاندان متحد رہے تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا ۔ تنازعہ کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔ ہماری اولین ترجیح خاندان کا اتحاد ہے ۔ سماج وادی سیکولر محاذ کے فیصلہ کے بارے میں جس کے صدر ملائم سنگھ ہوں گے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی شیوپال سنگھ نے کہا کہ اس سے پارٹی درست راہ پر آجائے گی۔