امرتسر ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بارڈر سیکوریٹی فورس نے ہند ۔ پاک سرحد کے قریب اسمگلرس کے ساتھ ہوئے ایک انکاونٹر کے بعد 13 کیلو منشیات ضبط کی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل امرتسر سیکٹر ایم ایف فاروقی نے کہا کہ منشیات ملاکوٹ بارڈ آؤٹ پوسٹ کے قریب سے ضبط کی گئی اور بتایا کہ منشیات کے علاوہ ایک پستول بھی ضبط کی گئی ہے
جو بالکل اے کے 47 رائفل کی طرح ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں تعینات بی ایس ایف جوانوں نے کچھ مشتبہ حرکات و سکنات کا نوٹس لیا جب جوانوں نے مشتبہ اسمگلرس کو چیلنج کیا تو انہوں نے بی ایس ایف پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد بی ایس ایف جوانوں کو بھی جوابی کارروائی کرنی پڑی۔ کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا اور اسمگلرس بالآخر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
ہندوستانی فضائیہ میں
547 ایئرمین کی بھرتی
چینائی ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فضائیہ میں 547 ایئرمین کی بھرتی کی گئی ہے۔ مضافاتی علاقہ تمبارم میں واقع ایئرفورس اسٹیشن میں ان کی تربیت کی تکمیل کے بعد بھرتی کا عمل مکمل ہوا۔ انہیں ایک مشترکہ پاسنگ آوٹ پریڈ کے بعد ہندوستانی فضائیہ کا حصہ بنا لیا گیا۔ پاسنگ آوٹ پریڈ کی سلامی کمان کے نان ٹیکنیکل ٹریننگ آفیسر (ہیڈکوارٹر) پون ملک نے لی۔ تمام 547 ایئرمین کو میکانیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور ورکشاپ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں تربیت فراہم کی گئی تھی۔