امراوتی کیلئے نئی ریلوے لائن پر تخمینہ ریلوے بورڈ کو روانہ

حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی امراوتی کے لئے نئی ریلوے لائنس بچھانے و تعمیر عمل میں لانے کے مقصد سے 883 کروڑ روپیوں پر مشتمل ابتدائی تخمینہ جات پر مبنی منصوبہ جات ریلوے بورڈ کو روانہ کئے ہیں اور بہت جلد اس نئی ریلوے لائن کی منظوری سے متعلق احکام حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ نئی راجدھانی امراوتی کے لئے نئی دو لائنس کی تنصیب عمل میں لانے کیلئے درکار حصول اراضی کے لئے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے لیکن ابتداء میں سنگل لائنس کے تنصیبی کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا اور ڈیمانڈ کے مطابق دوسری لائین کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔