امراوتی میں 189 کیلومیٹر طویل آوٹر رنگ روڈ کی تعمیر

عنقریب کام کا آغاز ، جائزہ اجلاس سے چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ترمیم شدہ الاٹمنٹ کے مطابق امراوتی میں 189 کیلومیٹر طویل آوٹر رنگ روڈ کی تعمیری کام شروع کئے جائیں گے ۔ ان کاموں کیلئے حکومت نے جملہ 17.762 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے ۔ ریاست میں شاہراہوں کی ترقی کے مسئلہ پر سکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وجئے واڑہ میں درگا مندر کے پاس فلائی اوور کی تعمیر ۔ تعمیری ادارے کی ناکامی اور نااہلی پر حکومت کو ہونے والی بے عزتی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ماہ مارچ تک اہم شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال نہ کرنے کی صورت میں سخت ترین کارروائی کا انتباہ دیا ۔ وجئے واڑہ ، راجہ مہیندر ورم کے درمیان خستہ حال ( ناکارہ شاہراہ ) شاہراہ کے فوری طور پر مرمتی کاموں کو شروع کرکے مکمل کرنے کا متعلقہ عہدیداروں کو چندرا بابو نائیڈو نے حکم دیا ۔ اور بتایا گیا کہ وجئے واڑہ مچھلی پٹنم شاہراہ کے درمیان جاری کام 38 فیصد تک مکمل ہوچکے ہیںا ور ماباقی جاری کام مقررہ وقت تک مکمل کرلئے جانے کے تعلق سے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو واقف کروایا ۔اس موقع پر چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے واضح طور پر کہا کہ امراوتی ، اننت پور ایکسپریس ہائی وے ( قومی شاہراہ ) کی تعمیر سے متعلق کاموں میں تاخیر کے ساتھ ساتھ غفلت و لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور مزید بغیر کسی تاخیر کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایات دیں ۔