امراوتی میں آندھرا پردیش کا نیا دارالحکومت

حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کی نئی صنعتی پالیسی کو آندھرا پردیش کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ آج یہاں آندھرا پردیش سکریٹریٹ میں آندھرا پردیش کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اجلاس کی صدارت کی ، اور اپنی صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے۔ جس میں نئی ریاست آندھرا پردیش کے نئے صدر مقام ( نئی راجدھانی) کے نام کو ’’ امراوتی ‘‘ کے نام سے موسوم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ نئی صنعتی پالیسی کے ایک حصہ کے طور پر صدفیصد اسٹامپ ڈیوٹی کو ری ایمبرسمنٹ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح ریاستی آندھرا پردیش میں 100کروڑ روپیوں سے زائد کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے صنعتی یونٹ قائم کرنے پر صنعت کے قیام کیلئے مختص کی جانے والی اراضی میں رعایت فراہم کرنے کے علاوہ آٹو موبائیل، بائیو ٹیک کمپنیوں میں زیادہ سے زیادہ رعایتیں فراہم کرنے کا کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ ریاست آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے مقصد سے پانچ سال تک فی یونٹ 70 پیسے کے حساب سے بلا وقفہ برقی سربراہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کو70 فیصد ویاٹ کی رعایت دی جائے گی۔