امراض کے ہربل ادویات سے علاج کے لیے شعور بیداری پر زور

چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین کا دورہ آرگیانک ہربل گارڈن
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین نے آج شمس آباد کے قریب تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل پلانٹس بورڈ کے تحت چلنے والے آرگیانک ہربل گارڈن کا دورہ کیا ۔ اس گارڈن میں مختلف پودوں کی افزائش کی جاتی ہے ۔ جن کا استعمال شوگر ، استھما ، گردے اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے کیا جاتا ہے۔ اکبر حسین نے بیماریوں کے ہربل دواؤں سے علاج کو عام کرنے کیلئے شعور بیداری مہم کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہربل طریقہ علاج سے کئی پیچیدہ بیماریوں کا علاج ممکن ہے۔ موجودہ دور میں جبکہ کسی بھی مرض کا علاج غریب اور متوسط طبقات کیلئے کافی مہنگا ہوچکا ہے ، ایسے میں ہربل دواؤں کے ذریعہ علاج موثر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس اس علاج کے کوئی مضر اثرات بھی مریض پر مرتب نہیں ہوتے۔ اکبر حسین نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ دیگر بیماریوں کے علاج کے سلسلہ میں ریسرچ جاری رکھیں تاکہ عام آدمی کا فائدہ ہو۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پیرا میڈیکل کورسس کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو ہربل طریقہ علاج کے شعبہ میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سمیع اللہ خاں ، ڈاکٹر فضل حسین اور تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل پلانٹس بورڈ کے ڈپٹی ایگزیکیٹیو آفیسر اے وینکٹیشورلو اور دوسرے موجود تھے ۔ اکبر حسین نے حیدرآباد کونسل فار ہیومن ویلفیر کی جانب سے چلائے جارہے اسکول کا معائنہ کیا۔ اس اسکول میں غریب طلبہ کو مفت تعلیم کے علاوہ کتابیں اور ڈریس مفت سربراہ کیا جاتا ہے۔ ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی غریب طلبہ کیلئے مفت ہے۔ انہوں نے اس طرح کے اسکولوں کا ہر ممکنہ تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ کونسل کے فاؤنڈر ڈائرکٹر ڈاکٹر رفیع الدین نے خیرمقدم کیا۔